ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نجنگڈھ اور گنڈل پیٹ میں کل جمعرات کو ہوگی ووٹوں کی گنتی؛  کانگریس بمقابلہ بی جے پی

نجنگڈھ اور گنڈل پیٹ میں کل جمعرات کو ہوگی ووٹوں کی گنتی؛  کانگریس بمقابلہ بی جے پی

Wed, 12 Apr 2017 22:03:25    S.O. News Service

 

بنگلورو۔12؍اپریل(ایس او نیوز) ریاست کی سیاست میں مرکزتوجہ بننے والے ننجنگڈھ اور گنڈل پیٹ اسمبلی حلقوں کے ضمنی چناؤ کے نتائج کل جمعرات کو  سامنے آئیں گے۔ کل دوپہر تک دونوں حلقوں سے نتائج سامنے آنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔یہاں 9؍ اپریل کو پولنگ ہوئی تھی۔

سیاسی پارٹیوں کی توقعات سے بڑھ کر 75 فیصد ووٹروں نے دونوں حلقوں میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ووٹوں کی گنتی کیلئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے زبردست انتظامات کئے گئے ہیں۔ ننجنگڈھ حلقہ کے ووٹوں کی گنتی میسور کے جے ایس ایس کالج میں کی جائے گی اور گنڈل پیٹ حلقہ کے ووٹوں کی گنتی سینٹ جانس کالج میں ہوگی۔ وزیراعلیٰ سدرامیا کی طرف سے کابینی ردوبدل کے مرحلے میں برطرف کئے جانے پر برہم سینئر لیڈر وی سرینواس پرساد نے کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ، جس کے سبب اس حلقہ میں ضمنی چناؤ ناگزیر ہوگیا،جبکہ گنڈل پیٹ میں سدرامیا کابینہ کے وزیر ایچ ایس مہادیو پرساد کی ناگہانی موت کے سبب یہاں ضمنی چناؤ ضروری ہوگیاتھا۔ ننجنگڈھ حلقہ سے کانگریس نے کللے کرشنا مورتی کو میدان میں اتارا ہے، جبکہ گنڈل پیٹ حلقہ سے مہادیو پرساد کی بیوہ ڈاکٹر گیتا پرساد کو میدان میں اتارا گیا ہے۔ دوسری طرف وی سرینواس پرساد بی جے پی سے اپنی قسمت آزمانے میں لگے ہوئے ہیں۔ گنڈل پیٹ حلقہ سے بی جے پی نے سی ایس منوہر کو میدان میں اتارا ہے۔ ان دونوں حلقوں میں کانگریس کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے جنتادل (ایس) نے اپنا امیدوار میدان میں نہیں اتارا۔ وزیراعلیٰ سدرامیا اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپانے ان انتخابات کو اپنے وقار کا مسئلہ بنالیا ہے ۔ ان ضمنی انتخابات کے ذریعہ حکمران کانگریس ریاست پر اپنی اجارہ داری کو اور مستحکم کرنے کیلئے کوشاں ہے تو دوسری طرف بی جے پی ان انتخابات میں کامیابی کے ذریعہ پانچ سال بعد ریاست کے اقتدار پر اپنے قبضے کی راہ ہموار کرناچاہتی ہے۔ دیکھنا ہے کہ حلقے کے ووٹروں نے کس پارٹی پر اپنی مہر بانی کی ہے۔


Share: